اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے خاتم الانبیا ایئر ڈیفنس ہیڈکواٹر کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل فرزاد اسماعیلی نے کہا ہے کہ ایران کا "نظیر" نامی جدید ترین ریڈار سسٹم ایک بے نظیر ریڈار سسٹم ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس ریڈار سسٹم سے بچ کر اور اس کی رینج میں آئے بغیر کوئی بھی اڑنے والی شئے ایران کی فضائی حدود میں داخل نہیں ہو سکتی۔ بریگیڈیئر جنرل اسماعیلی نے کہا کہ اس ریڈار سسٹم میں ایم کیو ون، آر کیو فور اور یو ٹو، نوعیت کے طیاروں اور پرواز کرنے والی چھوٹی اشیاء کا پتہ لگانے کی مہارت پائی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کا "نظیر" ریڈار سسٹم بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور سب سے بڑھ کر ان طیاروں کا بھی پتہ لگانے اور تعاقب کرنے پر قادر ہے جو ریڈار کی اسکرین پر نظر نہیں آتے۔ ایران کے خاتم الانبیا ایئر ڈیفنس ہیڈکواٹر کے کمانڈر نے بتایا کہ نظیر ریڈار سسٹم کو ایران کے صحراؤں اور تین ہزار میٹر کی بلندیوں پر نصب کیا گیا ہے جس نے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
ایران کے پیشرفتہ ترین ریڈار سسٹم نظیر کے ذریعے ایران کی فضائی سرحدوں سے کئی کلومیٹر دور بھی اڑنے والی چیزوں پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔ یہ ریڈار سسٹم ایران کی طرف اڑ کر آنے والی ہر چیز کا پتہ لگا کر سرحد کے قریب آنے سے پہلے ہی ایئر ڈیفنس سسٹم کو اس کی اطلاع دے سکتا ہے۔ روزانہ ایک ہزار سے زائد طیارے ایران کی فضائی حدود سے گزرتے ہیں جن پر ایئر ڈیفنس سسٹم کی نظر رہتی ہے۔ کوئی بھی طیارہ اجازت کے بغیر ایران کی فضائی حدود میں داخل نہیں ہو سکتا۔ ایران کا فضائی نگرانی کا سسٹم چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے تاکہ اگر کوئی طیارہ بغیر اجازت کے ایران کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرے تو بروقت کارروائی کی جاسکے۔
.......
/169